واٹس ایپ پر کسی شخص سے چوری اس کا میسج پڑھنا بہت مشکل ہے کیونکہ جب آپ اس کا میسج پڑھیں گے تو ”ٹک“ کے دو نشان نیلے ہونے پر اس شخص کو معلوم ہو جائے گاکہ آپ نے میسج پڑھ لیا ہے اور جان بوجھ کر جواب نہیں دیا اور اسے نظرانداز کر رہے ہیں۔ برطانوی اخبار ”دی مرر“ کی ایک رپورٹ میں ایک ایسا طریقہ بتایا گیا ہے کہ جس کے ذریعے آپ کسی شخص کا واٹس ایپ پر میسج پڑھ سکتے ہیں اور میسج بھیجنے والے کو پتا بھی نہیں چلے گا کیونکہ اس طریقے سے ٹک کے نشان نیلے نہیں ہوں گے۔
آپ نے کرنا صرف یہ ہے کہ واٹس ایپ پر جس میسج کا آپ جواب نہیں دینا چاہتے اسے پڑھنے سے پہلے اپنے فون کو ایئرپلین موڈ(Airplane Mode) پر کر دیں اور پھر میسج پڑھیں۔ اس طرح آپ میسج بھی پڑھ لیں گے اور بھیجنے والے کے فون پر ٹک کے نشان بھی نیلے نہیں ہوں گے
بلکہ بدستور سرمئی رنگ کے ہی رہیں گے اور وہ سمجھے گا کہ آپ نے تاحال میسج پڑھا ہی نہیں۔یہاں آپ کو صرف اتنی احتیاط کرنی ہو گی کہ فون کا ایئرپلین موڈ آف کرنے سے قبل اپنا واٹس ایپ بند کر دیں۔
اس کے علاوہ آپ مستقل طور پر بھی اس مسئلے سے نجات پا سکتے ہیں، اس طرح آپ کی میسج پڑھ لینے کی رپورٹ کسی بھی میسج بھیجنے والے کو نہیں ملے گی۔ اپنے آئی فون یا اینڈرائیڈ فون پر واٹس ایپ کی ایپلی کیشن کھولیے، اس کی سیٹنگز میں جائیے اور اکاﺅنٹ اینڈ پرائیویسی کا آپشن منتخب کیجیے۔ یہاں آپ کو Read Receiptsکا آپشن نظر آئے گا، اسے آف کر دیجیے۔ اب آپ کو میسج بھیجنے والے کسی بھی شخص کو پتا نہیں چلے گا کہ آپ نے اس کا میسج پڑھ لیا ہے یا نہیں پڑھا۔ اس کا ایک نقصان آپ کو ہوگا کہ آپ کو بھی پتا نہیں چلے گا کہ کسی نے آپ کا میسج پڑھا ہے یا نہیں۔